"ونڈوومن" اسٹار گال گیڈٹ کی دماغ کی ایمرجنسی سرجری، اس کی وجہ کیا تھی؟

ہالی ووڈ اداکارہ گال گیڈٹ نے حال ہی میں اپنے حمل کے دوران صحت سے متعلق ایک انتہائی نازک تجربے کا انکشاف کیا۔ ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے، گال گیڈٹ نے بتایا کہ حمل کے دوران انہیں شدید سر درد کا سامنا تھا، جو کئی دنوں تک جاری رہا۔

 ابتدا میں ڈاکٹرز نے کہا کہ یہ درد شقیقہ یا ہارمونل تبدیلیوں کی وجہ سے ہو سکتا ہے، تاہم جب تین ہفتوں تک درد کم نہ ہوا، تو ان کی والدہ نے انہیں ایم آر آئی کروانے کے لیے قائل کیا۔ایم آر آئی کے بعد ڈاکٹرز نے یہ دریافت کیا کہ ان کے دماغ میں خون جم چکا تھا اور تین بڑے کلاٹس بن گئے تھے۔ گال گیڈٹ نے اس لمحے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹروں نے فوراً بچے کو جنم دینے کی ضرورت محسوس کی اور پھر ان کے دماغ کی ایمرجنسی سرجری کی۔ اس وقت گال گیڈٹ کو ایسا لگا کہ شاید وہ زندہ نہ رہیں، اور وہ کئی دنوں تک موت کے خوف میں مبتلا رہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کی کہانی سے کسی کو فائدہ ہو سکتا ہے، تو وہ اپنی کہانی شیئر کر کے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ گال گیڈٹ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر دنیا میں کسی اور شخص کو بھی ایسا مسئلہ درپیش ہو، تو وہ فوری طور پر اس کی جانچ پڑتال کرائے تاکہ بروقت علاج ممکن ہو سکے۔