پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ ’’وزیراعظم خان ہی پاکستان کی انشورنس پالیسی ہیں‘‘۔
پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے کوٹ لکھپت جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو وزیراعظم خان کہہ کر پکارا اور اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وزیراعظم خان کی جیل سے واپسی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس کو بچانے کے لیے ترجیحات یہ ہیں کہ پی ٹی آئی کے بجائے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ حکومت آپریشن کے وقت جگت بازی میں مصروف تھی۔عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم خان پنجابیوں، بلوچوں، پٹھانوں اور سندھیوں کو ایک کر سکتے ہیں۔ ہم محب وطن پاکستانی ہیں، ہم ملک کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم خان کو جیل سے باہر نکالا جائے تاکہ ملک میں بدامنی ختم ہو اور معیشت بہتر کی جاسکے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم خان ہی عوام اور اداروں کو ایک پیج پر لاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تو سہہ رہے ہیں اور آج فرد جرم بھی لگ گئی ہے۔ آپریشن کے دوران وزرا بریفنگ کے بجائے پی ٹی آئی کو ٹارگٹ کر رہے تھے۔ وزیراعظم خان ہی پاکستان کی انشورنس پالیسی ہیں۔