سکھ فار جسٹس نے بلوچستان ٹرین حملے میں بھارت کی خفیہ ایجنسی 'را' کو ملوث قرار دے دیا
امریکا میں سکھوں کی عالمی تنظیم سکھ فار جسٹس نے بلوچستان میں ہونے والے ٹرین دہشت گرد حملے سے متعلق ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں تنظیم کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا ہے کہ اس حملے میں بھارت کی خفیہ ایجنسی 'را' ملوث ہے۔گرپتونت سنگھ پنوں کا کہنا تھا کہ عالمی اداروں کو بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور 'را' کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، کیونکہ پاکستان کے خلاف بھارت خفیہ جنگی حکمتِ عملی پر عمل کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارتی حکومت کو دہشت گرد حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت بین الاقوامی سطح پر جبر اور تشدد میں ملوث ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ہونے والا ٹرین حملہ بھارت کے جارحانہ دفاعی نظریے کا عکاس ہے، جس کا مقصد پڑوسی ممالک کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ پنوں کا کہنا تھا کہ بھارت بیرونِ ملک مخالفین کے قتل، انتہا پسندی اور سرحد پار دہشت گردی میں ملوث ہے۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے بھارت کو ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کا عالمی مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی 'را' کی بے قابو کارروائیاں جنوبی ایشیا کو خطرے میں ڈال رہی ہیں اور دنیا کو ریاستی تشدد کی خطرناک مثال پیش کر رہی ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کے انٹیلی جنس آپریٹس پر سفارتی اور سیکیورٹی پابندیاں عائد کی جائیں اور دنیا بھارت کی خفیہ دہشت گرد کارروائیوں پر آنکھیں بند نہیں کر سکتی۔پنوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت کا احتساب نہ کیا گیا تو ان کے مزید حملوں میں معصوم جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔