طلاق یافتہ بیٹیاں متوفی والد کی ماہانہ پنشن سے حصہ لینے کی حقدار : سندھ ہائیکورٹ

عدالت کی متوفی پنشنر کی ماہانہ پنشن کی رقم طلاق یافتہ بیٹی اور غیر شادی شدہ میں تقسیم کرنے کی ہدایت
 کراچی (آئی این پی ) سندھ ہائیکورٹ نے ایک طلاق یافتہ خاتون کی درخواست پر  فیصلہ دیا ہے کہ طلاق یافتہ بیٹیاں بھی اپنے متوفی والد کی ماہانہ پنشن سے حصہ لینے کی حقدار ہیں جب تک وہ دوبارہ شادی نہیں کرتیں۔ایک طلاق یافتہ خاتون کی درخواست پر جسٹس محمدکریم خان اور جسٹس نثار احمد بھنبھرو پر مشتمل دو رکنی آئینی بنچ سماعت کی ،عدالت نے حکام کو ہدایت کی کہ متوفی پنشنر کی ماہانہ پنشن کی رقم طلاق یافتہ بیٹی اوردیگر غیرشادی شدہ/بیوہ کو چار ماہ کی مدت کے مطابق تقسیم کیا جائے۔ایس ایچ سی کے مطابق متوفی پنشنرزکی طلاق یافتہ اوربیوہ بیٹیوں کو درپیش مصائب اور مشکلات کو سمجھتے ہوئے وزارت خزانہ نے 1983 میں پنشن رولز کو تبدیل کرتے ہوئے طلاق یافتہ بیٹیوں کی حیثیت کو بھی غیر شادی شدہ بیٹیوں کے برابر کر دیا گیا تھا۔درخواست گزار نے گذشتہ سال صوبائی حکام کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی اور موقف اختیارکیا تھا کہ اس کے والد 1990 میں کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ پروفیسرکی حیثیت سے ریٹائر ہوئے تھے اورجنوری 2023 میں انتقال کر گئے تھے۔