چنئی(آئی این پی )مسلمانوں کیلئے افطار کی دعوت کا اہتمام کرنیوالے بھارتی اداکار و سیاستدان تھلاپتی وجے کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم انڈسٹری کو خیر باد کہہ کر سیاست کی دنیا میں قدم رکھنے والے معروف تامل اداکار تھلاپتی وجے کے خلاف مسلمانوں کیلئے افطار کا اہتمام کرنے پر شکایت درج کرائی گئی ۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تامل ناڈو سنت جماعت کی جانب سے اداکار و سیاستدان کیخلاف چنئی پولیس کمشنر کو شکایت درج کرائی ہے، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ تھلاپتی وجے کی سیاسی جماعت تامیلاگا ویٹری کازگام کی جانب سے افطار ڈنر میں مسلمانوں کی توہین کی گئی۔ شکایت میں کہا گیا کہ افطار ڈنر میں شرابی اور بدمعاش بھی شریک تھے جن کا روزے یا افطار سے کوئی تعلق نہیں تھا، اس امر سے مسلمانوں کی توہین ہوئی ہے۔