دہشت گردی ایک صوبے کا نہیں قومی مسئلہ ، مگر وفاق اس حوالے سے کچھ نہیں کر رہا،مشیراطلاعات کے پی
پشاور(آئی این پی ) مشیر اطلاعات و ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا براہ راست تعلق افغانستان سے ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مشیر اطلاعات و ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف نے کہا کہ پشتو کی کہاوت ہے، چھلنی لوٹے سے کہتی ہے کہ تم میں دو سوراخ ہیں۔ بلاوجہ بھٹو پہلے اپنے سوراخ گن لیں، پھر دوسروں میں تلاش کریں۔ پہلے اپنا قبلہ درست کریں پھر دوسروں پر تنقید کریں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، جہاں ایک پوری ٹرین کو دہشت گردوں نے یرغمال بنا لیا۔ کیا بلوچستان کے حالات کی ذمے داری بھی علی امین گنڈا پور پر ڈالیں گے؟۔ سندھ کو کچے کے ڈاکوئوں نے یرغمال بنایا ہوا ہے۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ سندھ کے حکمران خود کچے کے ڈاکوئوں کو اسلحہ فراہم کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔ دہشت گردی ایک صوبے کا نہیں قومی مسئلہ ہے، مگر وفاق اس حوالے سے کچھ نہیں کر رہا۔صوبائی مشیر نے کہا کہ بلاول بھٹو وزیر خارجہ رہے، پوری دنیا کا دورہ کیا، مگر افغانستان جانا گوارا نہیں کیا۔