ٹریڈ یونینز، کسان تنظیموں اور دیگر مزدور طبقوں کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کریں گے
امیروں نے امیروں کیلئے بجٹ بنایا ،عوام کیلئے کچھ بھی نہیں:رہنما پیپلز پارٹی کی پریس کانفرنس
اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان پیپلزپارٹی نے وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے بجٹ کی منظوری سے قبل ملک گیر احتجاج شروع کرنے کا اعلان کردیا۔یہ اعلان پیپلز لیبر بیورو کے انچارج چوہدری منظور احمد نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔چوہدری منظور کا کہنا تھا امیروں نے امیروں کیلئے بجٹ بنایا جس میں عوام کے لیے کچھ بھی نہیں۔ اشرافیہ کے ہر طبقے کا بجٹ بڑھایا۔ کیا ساری مالی مشکلات غریبوں کے لیے ہے؟ چوہدری منظور کا کہنا تھا کہ احتجاج کے لیے ملک بھر کی ٹریڈ یونینوں سے رابطے کررہے ہیں۔ٹریڈ یونینز، کسان تنظیموں اور دیگر مزدور طبقوں کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کریں گے۔ حکومت کی معاشی پالیسیوں نے محنت کش طبقے کو پس پشت ڈال دیا ہے، جبکہ اشرافیہ کو بے پناہ ریلیف دیا گیا ہے۔چوہدری منظور نے کہا کہ حکومتی معاشی پالیسی کے خلاف ملک گیر احتجاج کریں گے، ہر حد تک جائیں گے،تمام ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی ۔