11 سالہ عروج کو مالکان کے کہنے پروالد نے تشدد کا نشانہ بنایا :اہل علاقہ
شاہ جمال کے علاقے میں عروج پر چوری کے الزام میں تشدد کیا گیا:پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )اچھرہ کے علاقے میں چوری کے الزام پر 11 سالہ گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آنے کے بعد پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ۔بتایا گیا ہے کہ اچھرہ کے علاقے سے ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں ایک شخص کو کم سن بچی پر پلاسٹک پائپ سے تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے،اہلِ محلہ کے مطابق متاثرہ بچی کی شناخت عروج فاطمہ کے نام سے ہوئی جس پر مبینہ طور پر چوری کے الزام کے بعد تشدد کیا گیا،ویڈیو میں تشدد کرنے والا شخص بچی کا والد ہے اوراس نے مبینہ طور پر گھر کے مالکان کے کہنے پر بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق 11 سالہ عروج فاطمہ شاہ جمال کے علاقے میں واقع ایک گھر میں ملازمت کرتی تھی، جہاں مبینہ طور پر چوری کے الزام پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا،اطلاع پر اچھرہ پولیس نے ملزم قربان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔