امریکا ملٹری آپشن کی کوشش کرتا ہے تو ہم تیار ہیں:ایرانی وزیر خارجہ

امریکا ملٹری آپشن کی کوشش کرتا ہے تو ہم تیار ہیں:ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اگر امریکا پہلے کی طرح دوبارہ ملٹری آپشن اختیار کرنے کی کوشش کرتا ہے تو ایران مکمل طور پر تیار ہے۔

عراقچی نے عرب میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے، لیکن دھمکیوں اور ڈکٹیشن کے بغیر، اور واشنگٹن سنجیدہ و منصفانہ مذاکرات کے لیے فی الحال تیار نہیں لگ رہا۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران پر حملے کی دھمکی کے بعد امریکی جنگی طیاروں کی قطر کے العدید ایئر بیس پر سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کے سی 135 ایئر ریفیولنگ ٹینکر اور بی 52 اسٹریٹیجک بمبار طیارے کئی پروازیں کر چکے ہیں۔

اسی دوران امریکا نے اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔ ایران میں امریکی ورچوئل سفارت خانے نے کہا کہ ملک بھر میں احتجاج شدت اختیار کر رہا ہے اور یہ تشدد میں بدل سکتا ہے، اس لیے شہری اگر ممکن ہو تو زمینی راستے سے آرمینیا یا ترکیہ کے ذریعے ایران چھوڑیں اور ایسے انتظامات کریں جن میں امریکی حکومت کی مدد پر انحصار نہ ہو۔