آڈیٹر جنرل نے فیکٹ فائنڈنگ انکوائری تشکیل دینے کی سفارش کردی
لاہور (کرائم رپورٹر )پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں بے ضابطگیوں کا سکینڈل سامنے آگیا، ٹرانسپورٹ کمپنی نے حکومت سے سبسڈی کی رقم لی مگر استعمال نہ کی، سبسڈی کے لیے حکومت سے لیے گئے کروڑوں روپے بینک میں جمع رکھے، ٹرانسپورٹ کمپنی سبسڈی کی رقم کا بینک سے منافع لیتی رہی، کمپنی نے عوام کو پبلک ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے لئے ملنے والی سبسڈی کی رقم عوام کے لیے استعمال نہ کی، سال 2020 سے 2023 تک پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کو 21 کروڑ 90 لاکھ 68 ہزار کی سبسڈی دی گئی، بسوں کو چلانے کے لیے 14 کروڑ 90 لاکھ 15 ہزار روپے کی سبسڈی دی گئی، جس سال بسوں کو چلانے کے لیے سبسڈی دی گئی، ان سالوں میں ٹرانسپورٹ سسٹم آپریشنل نہ تھا، کیپٹل سبسڈی کی 6 کروڑ 37 لاکھ ،تجدید کاری کی 63 لاکھ تین ہزار روپے سبسڈی کی رقم استعمال نہ ہوئی، سبسڈی کی رقم استعمال نہ ہونے کے باوجود پنجاب حکومت کو واپس نہ کی گئی، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے آڈٹ کے دوران انتظامیہ تسلی بخش جواب نہ دے سکی، سبسڈی سے متعلق پی ٹی سی نے تفصیلی رپورٹ بھی آڈٹ کو جمع نہ کرائی، آڈیٹر جنرل نے رقم کے غیر قانونی استعمال پر فیکٹ فائنڈنگ انکوائری تشکیل دینے کی سفارش کر دی۔