بیرسٹر سیف کی پیر پگارا سے اہم ملاقات، مشاورت اور مستقبل میں رابطوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق
پشاور(آئی این پی)اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے، حروں کے روحانی پیشوا اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ پیر صاحب پگارا سید صبغت اللہ شاہ راشدی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان اہم رابطہ ہوا ہے۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کی پیر پگارا سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں سینئر سیاستدان محمد علی درانی بھی موجود تھے۔رپورٹ کے مطابق پیر پگارا نے عمران خان کے لئے نیک تمنائوں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا، جبکہ بیرسٹر محمد علی سیف نے عمران خان کی طرف سے پیر پگارا اور جی ڈی اے کی قیادت کے لئے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا۔ملاقات کے دوران قائدین کی سیاسی صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے اہم مشاورت ہوئی، پی ٹی آئی اور جی ڈی اے نے ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مشاورت پر اتفاق کیا، مستقبل میں رابطوں کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔