جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ منظور ہوگا، کسی کاہینڈپِک فیصلہ قطعاً قابل قبول نہیں، مذاکرات کومنطقی انجام تک پہنچانا ہے توحکومت فیصلہ سازی کا اختیار ظاہر کرے
عمران خان جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مطالبے پرمکمل یکسو، سربراہ سنی اتحادکونسل کی مذاکراتی ٹیم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو،علی امین کی بانی سے علیحدہ ملاقات
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا نے کہا ہے کہ عمران خان نے واضح کیا کہ 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو مذاکرات آگے نہیں بڑھیں گے۔عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد مذاکراتی ٹیم کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے کنٹرولڈ ماحول میں ملاقات کرائی گئی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مطالبے پرمکمل یکسوہیں، تاہم اگر 31 جنوری تک جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو مذاکرات آگے نہیں چلیں گے،31 جنوری کی تاریخ میں توسیع کا اختیارصرف بانی کے پاس ہیں۔صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا جوڈیشل کمیشن کا جو بھی فیصلہ ہوگا، منظور ہوگا، کسی کا’ہینڈپِک‘ فیصلہ قطعاً قابل قبول نہیں، بانی پی ٹی آئی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کے لیے کچھ مطالبات رکھے ہیں جو ہر ایک مہذب اور جمہوری معاشرے کے لیے اہم ہوتے ہیں۔سربراہ سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ مذاکرات کومنطقی انجام تک پہنچانا ہے توحکومت فیصلہ سازی کا اختیار ظاہر کرے اور کمیشن بنائے، ابھی تک مذاکرات میں پیشرفت نہیں ہوسکی، تیسری میٹنگ میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو پیشرفت کرنا ہو گی، دومطالبات تحریری شکل میں فراہم کر دیں گے۔القادر ٹرسٹ کیس کے سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پتا ہے کہ کیا فیصلہ آرہا ہے، یہ فیصلہ پاکستان کی نیک نامی نہیں بنے گا۔قبل ازیںپاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کے 5 اراکین کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی۔ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی سے پہلے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اڈیالا جیل میں بانی پی ٹی آئی سے علیحدہ ملاقات کی۔بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنیوالوں میں علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا اور علامہ راجا ناصر عباس شامل تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کو بانی سے ملاقات کی اجازت دی گئی ۔ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ایاز صادق کا پیغام ملنے کے بعد حکومت نے ملاقات کا انتظام کیا، حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کے مذاکرات کا اگلا دورسوموار یا منگل کوہوسکتا ہے۔