محکمہ ایکسائز:گھر بیٹھے بائیومیٹرک تصدیق سہولت متعارف

 شہری گاڑیوں کی خرید و فروخت کیلئے پاک آئی ڈی ایپ سے تصدیق کر سکیں گے
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت نے شہریوں کی سہولت کیلئے بڑا ڈیجیٹل اقدام اٹھا لیا ، اب گاڑیوں کی خرید و فروخت کیلئے بائیومیٹرک تصدیق گھر بیٹھے ممکن ہوگی۔ محکمہ ایکسائز پنجاب نے نادرا کے تعاون سے گھر بیٹھے بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت متعارف کرانے کا اعلان کر دیا۔ اس نئے نظام کے تحت شہری اب گاڑیوں کی خرید و فروخت کیلئے بائیومیٹرک تصدیق پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے کر سکیں گے۔حکام کے مطابق اس اقدام سے شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملے گی اور گاڑی ٹرانسفر کا عمل مزید محفوظ اور تیز تر ہو جائے گا۔ محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ جدید ڈیجیٹل نظام سے جعلی ٹرانزیکشن کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔شہری بائیومیٹرک تصدیق کیلئے پاک آئی ڈی موبائل ایپ ڈائون لوڈ کریں جبکہ رہنمائی کیلئے موبائل صارفین ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ اس جدید نظام سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ عوام کا قیمتی وقت بھی بچے گا