متوفی کی شناختی کارڈ منسوخی ، رشتہ دار کی بائیومیٹرک تصدیق کی جاتی ہے، نادرا

شہری کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری ہونے پر اس کا شناختی کارڈ خودکار طور پر منسوخ نہیں کیا جاتا
شناختی کارڈ عارضی طور پر غیرفعال ، باقاعدہ منسوخی کے لئے الگ طریقہ کار اختیار کرنا پڑتا ہے
اسلام آباد(آئی این پی ) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ  یونین کونسل کی جانب سے کسی شہری کا ڈیتھ  سرٹیفکیٹ جاری ہونے پر اس کا شناختی کارڈ خودکار طور پر منسوخ نہیں کیا جاتا، بلکہ متعلقہ ریکارڈ کی بنیاد پر شناختی کارڈ عارضی طور پر غیرفعال ہوجاتا ہے، جبکہ شناختی کارڈ کی باقاعدہ منسوخی کے لئے الگ طریقہ کار اختیار کرنا پڑتا ہے۔ ترجمان نادرا  سید شباہت علی  نے  ایک پوڈکاسٹ میں  انتقال کر جانے والے شہری کے یوسی ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر شناختی کارڈ منسوخ ہونے سے متعلق سوال  پر  بتایا کہ یوسی ریکارڈ میں کسی شخص کو متوفی قرار دئیے جانے اور نادرا کی جانب سے اس کا شناختی کارڈ منسوخ کرنے کے مراحل الگ الگ ہیں۔یونین کونسل کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر نادرا کو صرف یہ اطلاع ملتی ہے کہ متعلقہ شخص کو مقامی سرکاری ریکارڈ میں متوفی ظاہر کیا جاچکا ہے۔ جس کے بعد اس کا شناختی کارڈ منسوخ کرانے کے لئے  اہل خانہ یا قریبی رشتہ دار نادرا سے رجوع کرسکتے ہیں۔اتھارٹی کے مطابق شناختی کارڈ کی منسوخی کیلئے  درخواست دینے والے رشتہ دار کی بائیومیٹرک تصدیق کی جاتی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ درخواست گزار واقعی متوفی کے خاندانی ریکارڈ اور فیملی ٹری کا حصہ ہے۔