سینیٹ اجلاس: اخباری ملازمین شرائط ملازمت ترمیمی بل منظور

 اخبارات اور نیوز ایجنسیوں میں کام کرنے والے ملازمین کے حقوق کو مزید محفوظ بنایا جائیگا
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ترمیمی بل بھی  منظور ‘صدر کی توثیق سے قانون بن جائیں گے
اسلام آباد(آن لائن ) ایوان بالا نے اخباری ملازمین شرائط ملازمت ترمیمی بل  کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ہے ،بل وفاقی  وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پیش کیا۔جمعرات کو سینیٹ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اخباری ملازمین کی شرائط ملازمت کے حوالے سے بل پیش کیا اس موقع پر بل کو کثرت رائے کی بنیاد پر منظور کر لیا گیا یہ ترمیمی بل 1973 کے اخبار کے ملازمین  کی شرائط ملازمت ایکٹ میں ضروری تبدیلیاں لاتا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد اخبارات اور نیوز ایجنسیوں میں کام کرنے والے ملازمین کے حقوق کو مزید محفوظ بنانا، شرائط ملازمت کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا، تنخواہوں، سروس کنڈیشنز، پنشن، اور دیگر فوائد کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔ پچھلے قوانین میں موجود خامیوں کو دور کرنے اور میڈیا انڈسٹری میں ملازمین کے تحفظ کو یقینی بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔ بل میں سیکشن 2 اور دیگر متعلقہ شقوں میں ترامیم  کی گئی ہیں جس  میں وفاقی حکومت کی جگہ متعلقہ ڈویڑن یا اتھارٹیز کو مناسب اختیارات دیے جانے اور عمل درآمد کو موثر بنایا جائے گا‘ایوان بالا نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ترمیمی بل  منظور کر لیا ہے،  ترمیمی بل کا بنیادی مقصد پیمرا آرڈیننس میں وفاقی حکومت کے الفاظ کو  مختص اتھارٹیز  سے تبدیل کرنا ہے  جو وفاقی کابینہ کی ہدایات کے مطابق کیا گیا۔ یہ تبدیلیاں  پیمراکے انتظامی اور ریگولیٹری ڈھانچے کو مزید موثر بنانے کے لیے کی گئی ہیں