بانی پی ٹی آئی کاآرمی چیف کوآ ج تیسراخط
نو مئی واقعہ پر ہم آج بھی جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مطالبے پر قائم ہیں، خط میں الیکشن فراڈ کے ذریعے اقلیت کو اکثریت پر ترجیح دینے کا معاملہ اٹھایا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے خط میں کہا ہے منی لانڈرز کو اقتدار میں بٹھایا گیا ہے، فیصل چودھری
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے آج تیسرا کھلا خط آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں انہوں نے عام انتخابات 2024 میں مبینہ دھاندلی کا معاملہ بھی اٹھایا ہے۔عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے اڈیالہ جیل کے باہر دیگر وکلاء کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے خط کے مندرجات پارٹی رہنماؤں کو نوٹ کروا دیے، بانی پی ٹی آئی کا خط 6 پوائنٹس پر مشتمل ہوگا۔وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے تیسرے خط کے حوالے سے تمام پوائنٹس نوٹ کروا کے ہدایات دے دی ہیں، خط میں ڈیپ سٹرکچرل ریفارمز، حکومت کی پالیسیوں سے جمہوریت کو پہنچنے والے نقصان سمیت دیگر پوائنٹس شامل ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نو مئی کے واقعہ پر ہم آج بھی جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مطالبے پر قائم ہیں، آٹھ فروری کے بعد پنجاب میں چھاپوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، وزیر آباد میں پولیس نے ہمارے ایک کارکن کا جنازہ نہیں پڑھنے دیا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت پارٹی کے دیگر لیڈرز جی ایچ کیو کیس میں پیش ہوئے ، عامر ڈوگر کو اپوزیشن کے ساتھ مذاکراتی کمیٹی کا ممبر بنایا گیا ہے، سیاسی کمیٹی میں کچھ نئے ممبران کے اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے، پارٹی کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ایل ایف کے صدر انتظار پنجوتھہ کو جیل میں نہیں جانے دیا گیا، وکلاء کو جیل ٹرائل میں نہیں جانے دیا جارہا، صحافیوں میں بھی پک اینڈ چوز کیا جاتا ہے، ہم جی ایچ کیو کیس میں بھی اوپن ٹرائل کی درخواست دائر کرینگے، 26 ویں ترمیم کے بعد نظام عدل زمین بوس ہوگیا ہے۔فیصل چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آرمی چیف کو تیسرا خط جاری کیا ہے، خط میں الیکشن فراڈ کے ذریعے اقلیت کو اکثریت پر ترجیح دینے کا معاملہ اٹھایا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے خط میں کہا ہے منی لانڈرز کو اقتدار میں بٹھایا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی کے تیسرے خط کے مندرجات آج سامنے آئینگے۔انہوں نے کہا کہ بانی نے کہا ہے دہشت گردی رول آف لاء نہ ہونے کی وجہ سے بڑھ رہی ہے، 18 لاکھ لوگ ملک چھوڑ گئے ہیں، 20 ارب ڈالر کا سرمایہ ملک سے باہر چلا گیا ہے، ہم نے جب حکومت چھوڑی معیشت کی گروتھ 6 اشاریہ 4 فیصد تھی۔فیصل چودھری نے کہا کہ بانی نے کہا ہے قانون ورلڈ پراجیکٹ انڈیکس پر پاکستان 140 ویں نمبر ہے۔