حکومت کو رمضان میں چینی کی قیمت کم کروانے میں مشکلات کا سامنا

شوگر ملزنے قیمت میں کمی کیلئے 18 فیصد جی ایس ٹی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا، ذرائع
 اسلام آباد (آئی این پی )حکومت کو رمضان المبارک میں چینی کی قیمت کم کروانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت کی گذشتہ ایک ماہ کی کوشش کے باوجود شوگر ملز چینی کی قیمت میں کمی پر تیار نہیں۔ حکومت رمضان المبارک میں 120روپے فی کلو کے حساب سے چینی کی قیمت فروخت چاہتی ہے جبکہ شوگر ملز کا موقف ہے کہ چینی کی لاگت 170روپے فی کلو ہے۔ اس وقت چینی کی قیمت 155روپے فی کلو ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شوگر ملزنے چینی کی قیمت میں کمی کیلئے 18فیصد جی ایس ٹی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جی ایس ٹی ختم ہونے سے چینی کی قیمت میں 25روپے فی کلو کمی ہو سکتی ہے۔ حکومت نے مالکان سے چینی کی قیمتوں میں کمی کیلئے جمعہ تک حتمی جواب مانگا ہے۔ صوبائی حکومتوں نے آئی ایم ایف کے دبائو پر اس سال گنے کی امدادی قیمت مقرر نہیں کی۔شوگر انڈسٹری کو امدادی قیمت مقرر نہ ہونے کے باعث گنا کم قیمت پر دستیاب ہوا ہے۔ چینی کی قیمت میں ایک روپے فی کلو کمی سے شوگر ملز کو ساڑھے سات ارب روپے کا نقصان ہو گا۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈی نہ دینے سے بھی حکومت کو مشکلات کا سامنا ہے۔