ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، برفباری، دھند اور اسموگ کی پیشگوئی کر دی ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اور قریبی علاقوں میں بھی بادل چھائے رہنے کی توقع ہے۔شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، ساہیوال، ملتان، خانیوال، خانپور اور کوٹ ادو میں دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور اور گرد و نواح میں اسموگ رہنے کا امکان ہے۔سندھ کے علاقوں سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، لاڑکانہ اور موہنجوداڑو میں بھی دھند متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، ڈیرہ اسماعیل خان اور نوشہرہ میں دھند چھائی رہنے کی توقع ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، باجوڑ اور مہمند میں بارش کا امکان ہے۔ کرم اور خیبر کے چند مقامات پر پہاڑوں پر برفباری بھی متوقع ہے۔گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 16 دسمبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، خصوصاً 13 سے 15 دسمبر کے دوران پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری متوقع ہے۔ اتوار اور پیر کو راولپنڈی، اسلام آباد اور گلیات میں بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔دوسری جانب خیبر پختونخوا کے بالائی پہاڑی علاقوں میں آج سے بارش اور برفباری کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور دیگر اضلاع میں 15 دسمبر تک بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ برفباری کے باعث ناران، کاغان اور دیگر بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔