خانیوال کے قریب ایم4 موٹروے پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹریلر نے مسافر بس کو ٹکر مار دی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ مخدوم پور انٹرچینج کے قریب پیش آیا، جس کے نتیجے میں بس میں سوار ایک ہوسٹس موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ 14 مسافر زخمی ہو گئے۔حادثے کے بعد بس اور ٹریلر بری طرح تباہ ہو گئے اور متعدد مسافر گاڑی کے اندر پھنس گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سول ہسپتال کبیروالا منتقل کر دیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش بھی ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈیوٹی آفیسر اور اسٹیشن کوآرڈینیٹر سمیع اللہ نے ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی اور بتایا کہ بروقت کارروائی سے مزید قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا لیا گیا۔