پاسپورٹ کی ساکھ میں نمایاں بہتری ریکارڈ ہوئی، رینکنگ 126 سے بہتر ہو کر 98 تک آ گئی، یہ پیشرفت حکومتی اقدامات کی کامیابی کا مظہر ہے
موجودہ پولیس بیچ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا‘زیر تربیت اے ایس پیز کو ایک ماہ کی تربیت کیلئے چین بھیجا جائے گا:نیشنل پولیس اکیڈمی میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیشرفت حکومتی اقدامات کی کامیابی کا مظہر ہے اور آئندہ بھی بہتری کا سلسلہ جاری رہے گا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں واضح بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ان کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کی رینکنگ 126 سے بہتر ہو کر 98 تک آ گئی ہے، جو ایک اہم پیشرفت ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ رینکنگ میں بہتری پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے اور اس سے عالمی سطح پر پاکستانی پاسپورٹ کی ساکھ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے‘دریں اثناء محسن نقوی نے کہا ہے پولیس افسروں کی مالی مشکلات دور کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں، چاہتا ہوں کہ ہر افسر کی تنخواہ بہتر ہو۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا اور وہاں کی تزئین و آرائش کے کام کا معائنہ کیا، انہوں نے کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس کو ضروری ہدایات بھی دیں، وزیر داخلہ نے کانفرنس ہال، ڈائننگ ہال اور دیگر رومز کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیرِ تربیت اے ایس پیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیرِ تربیت اے ایس پیز کو پاسنگ آئوٹ پر پلاٹ دیئے جائیں گے، موجودہ پولیس بیچ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا، زیرِ تربیت اے ایس پیز کو ایک ماہ کی تربیت کیلئے بیجنگ بھیجا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اے ایس پیز کی ٹریننگ میں مزید جدید تقاضوں کے مطابق تربیتی ماڈیولز لائیں گے، افسران کی پیشہ ورانہ قابلیت اور عملی مہارت بڑھانے کے لئے اقدامات یقینی بنائیں گے