لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی کیس کا 8سال بعد فیصلہ سنادیا

لاہور (آئی این پی )لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک اور ماحولیاتی آلودگی سے متعلق آٹھ سال سے زیرِ سماعت مفادِ عامہ کے کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ جسٹس شاہد کریم نے 268 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔ جسٹس شاہد کریم نے فیصلے کا آغاز معروف امریکی رہنما مارٹن لوتھر کنگ کے قول سے کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ دنیا ٹکڑے ٹکڑے بھی ہو رہی ہو تو درخت لگانے کا عمل نہیں چھوڑنا چاہیے۔ فیصلے میں جسٹس شاہد کریم نے کہا  اس کیس کے دوران کیے گئے اقدامات کی وجہ سے شاید اللہ ہم پر رحم کرے۔ انہوں نے ریمارکس دئیے کہ عدالت گزشتہ برسوں کے دوران جن اقدامات کا حکم دیتی رہی، اب حکومت ان پر عمل درآمد کر رہی ہے۔ عدالت نے ماحولیاتی کمیشن کے ارکان کا بھی عدالتی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف یہ درخواست شہری ہارون فاروق نے 2018 میں لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی، جو طویل عرصے سے زیرِ سماعت تھی۔