کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ڈاک خانہ فلائی اوور پر ایک خطرناک واقعہ پیش آیا، جہاں نشے کے عادی ایک شخص نے پل کی حفاظتی دیوار پھلانگ کر تاروں پر لٹک کر اپنی جان خطرے میں ڈال دی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ شخص انتہائی خطرناک حالت میں فلائی اوور کے بیرونی حصے سے تاروں پر لٹکا ہوا ہے جبکہ نیچے ٹریفک مسلسل رواں دواں تھی۔اسی دوران موقع پر موجود ٹریفک پولیس اہلکار نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ایک مسافر بس کو درست مقام پر روکا، جہاں وہ شخص لٹکا ہوا تھا۔ اہلکار خود بس کی چھت پر چڑھا اور انتہائی مہارت اور احتیاط کے ساتھ لٹکتے ہوئے شخص کو بحفاظت نیچے اتار لیا۔
پولیس کے مطابق بروقت کارروائی کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ٹریفک پولیس اہلکار کی حاضر دماغی اور بہادری کو خوب سراہا جا رہا ہے، جبکہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔