میر رضا قتل کیس؛ بزنس پارٹنر اور وینڈر کے نام پولیس چالان میں شامل نہیں

میر رضا قتل کیس؛ بزنس پارٹنر اور وینڈر کے نام پولیس چالان میں شامل نہیں

کراچی کی سٹی کورٹ میں میر رضا قتل کیس کی سماعت ہوئی، جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت شرقی نے بزنس پارٹنر احمد اور وینڈر عبداللہ کی درخواست ضمانت پر کارروائی کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار احمد، عبداللہ اور تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر دونوں ملزمان کے وکیل نے درخواست ضمانت واپس لے لی۔وکیل خالد ممتاز ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کے چالان میں درخواست گزاروں کے نام شامل نہیں ہیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ آیا احمد اور عبداللہ کے نام چالان میں شامل نہیں کیے گئے۔تفتیشی افسر نے چالان کی نقول عدالت میں جمع کرائیں اور تصدیق کی کہ عبوری چالان میں احمد اور عبداللہ کے نام شامل نہیں ہیں۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ مدعی مقدمہ کہاں ہیں، جس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ مدعی مقدمہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے قرار دیا کہ آرڈر میں درخواست ضمانت واپس لینے کی وجوہات درج نہیں کی جا رہیں۔ بعد ازاں عدالت نے احمد اور عبداللہ کی درخواست ضمانت نمٹا دی۔