سعودی عرب (نیٹ نیوز)ایک لگڑری ٹرین سروس پر کام کیا جا رہا ہے۔اس سروس کا اعلان 2025 کے شروع میں کیا گیا تھا اور اس کا آغاز دسمبر 2026 میں کیا جاسکتا ہے۔ڈریم آف دی ڈیزرٹ نامی ٹرین کے پراجیکٹ پر سعودی عرب ریلویز کی جانب سے اٹلی کے Arsenale گروپ کے ساتھ مل کر کام کیا جارہا ہے۔یہ اطالوی گروپ لگڑری ٹرینوں کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔اس کمپنی نے ریاض میں اپنا ہیڈ کوارٹرز بھی مئی 2026 میں کھولا تھا۔یہ مشرق وسطیٰ کی پہلی 5 اسٹار لگڑری ٹرین ہوگی۔800 میل طویل روٹ کے دوران یہ ٹرین سعودی عرب کے حیران کن صحرائی مقامات سے گزرے گی اور سعودی دارالحکومت ریاض کو قریات شہر سے ملائے گی۔اس ٹرین میں 14 بوگیاں موجود ہوں گی جن میں 33 پرتعیش کمرے مسافروں کو دستیاب ہوں گے۔ہر بوگی میں سعودی ثقافت کے مختلف پہلوؤں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔مسافروں کو ایک، 2 یا 3 راتوں کے ٹور بک کرانے کی سہولت دستیاب ہوگی۔اس کے ایک کیبن کا فی رات کم از کم کرایہ 30 ہزار سعودی ریال ہوگا اور ہر کیبن میں 2 افراد قیام کرسکیں گے۔ٹرین میں 2 ریسٹورنٹس موجود ہوں گے جن میں سعودی اور بین الاقوامی پکوان مسافروں کو دستیاب ہوں گے۔ٹرین کی مرکزی مجلس لاؤنج میں مسافروں کو گھلنے ملنے اور آرام کرنے کا موقع ملے گا۔اس ٹرین میں ایک وقت میں 66 مسافر سفر کرسکیں گے۔یہ نئی لگڑری ٹرین سروس بنیادی طور پر سیاحوں کو سعودی عرب میں لانے کے منصوبوں کا حصہ ہے۔سعودی ریلوے کمپنی کے مطابق ڈریم آف دی ڈیزرٹ سے سیاحوں اور مقامی رہائشیوں کو سعودی عرب کے مزید خطے دیکھنے کا موقع پرتعیش سہولیات کے ساتھ ملے گا۔اس کے ذریعے سیاح سعودی عرب میں واقع یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل مقامات اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز رائل نیچرل ریزرو کو بھی دیکھ سکیں گے۔