لاہور، گوجرانوالہ،راولپنڈی ، فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ :پی ڈی ایم اے نے وارننگ جاری کردی
لاہور، اسلام آباد، پشاور (خصوصی رپورٹ)پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے میں مون سون کے نویں اور آخری اسپیل کا الرٹ جاری کرتے ہوئے 12 سے 17 ستمبر کے دوران بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ آج سے 17 ستمبر کے دوران راولپنڈی، جہلم ، اٹک اور ملحقہ علاقوں جبکہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران لاہور،سیالکوٹ ، منڈی بہا ئوالدین ،حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ ، ملتان اور دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا تاہم گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں بھی چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے ۔پی ڈی ایم اے پختونخوا کے مطابق 14 سے 17 ستمبر کے دوران بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث فلیش فلڈ ، لینڈ سلائیڈنگ اورنشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ دریں اثناء گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم و مرطوب رہا تا ہم کالام ، پارہ چنار میں ہلکی بارش ہوئی،جمعہ کونوکنڈی میں درجہ حرارت 44، دالبندین 43 ،دادو،سکھر اور سبی میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثناء پنجاب میں دریائے سندھ،چناب،جہلم، راوی اور ستلج کے پانی کا بہا ئو نارمل سطح پر ہے ،تربیلا ڈیم 100 فیصد اور منگلا ڈیم 78 فیصد بھر چکا۔