محمود اچکزئی نے وزیراعظم کے خط کا جواب دیدیا، مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا اپوزیشن کا آل پارٹیز کانفرنس بلانے کافیصلہ

راجہ ناصر عباس کے چیمبر میں اپوزیشن کا اہم اجلاس ،اے پی سی کیلئے تمام جماعتوں سے رابطوں کافیصلہ‘پی ٹی آئی کو 27 ستمبراحتجاج کیلئے بھرپور تیاری کی ہدایت 
بیرسٹر گوہر علی خان کی سربراہی میں وفد کی مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات ‘تحریک انصاف نے جے یو آئی کو  آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی
اسلام آباد(آئی  این پی‘آن لائن )چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی تقرری کے سلسلہ میں حکومت اور حزب اختلاف میں مشاورت کا آغاز ہو گیا۔قائد حزب اختلاف راجہ ناصر عباس کے چیمبر میں اپوزیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں محمود خان اچکزئی، بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ شریک ہوئے۔اجلاس میں 27 ستمبر احتجاج کے حوالے سے تفصیلی مشاورت ہوئی، پی ٹی آئی کو 27 ستمبر کے لئے بھرپور تیاری کی ہدایت کی گئی۔ملک کے بگڑتے حالات پر تمام جماعتوں سے رابطہ کر کے اے پی سی بلانے کا فیصلہ کیا گیا، 15 ستمبر کو تحریک تحفظ آئین کا اجلاس ہوگا اور اے پی سی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم کے خط کا جواب دے دیا اور وزیراعظم سے مشاورت کیلئے دن اور وقت مانگ لیا۔اپوزیشن لیڈرمحمود خان اچکزئی نے اپوزیشن رہنمائہں کی مشاورت کے بعد خط کا جواب دیا۔دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف نے جے یو آئی کو ملکی مسائل کے حل کے لیے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیدی۔جمعہ کو پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی سربراہی میں وفد نے جے یو آئی کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات کی۔ملاقات میں  اپوزیشن جماعتوں کے مابین  مشترکہ لائحہ عمل اپنانے اور آل پارٹیز کانفرنس  بلانے پر مشاورت ہوئی۔