راوی سٹی کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات

سیکرٹری ہا ئوسنگ کی روڈا ریور ٹریننگ ورکس کا دورہ، سی ای او کی بریفنگ
لاہور (خصوصی رپورٹ )لاہور کے ساتھ منسلک جدید اور بین الاقوامی طرز کے شہر "راوی سٹی" کی تعمیر کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے۔ ترجمان محکمہ ہا ئوسنگ کے مطابق سیکرٹری ہا ئوسنگ نورالامین مینگل نے روڈا ریور ٹریننگ ورکس کا دورہ کیا، جہاں سی ای او روڈا عمران امین نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ترجمان کے مطابق 6 کلومیٹر طویل بند پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا گیا اور تعمیرات کے دوران انتظامی و قانونی سمیت دیگر تمام رکاوٹوں کو فوری حل کرنے کے احکامات دیے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ راوی سٹی کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ آبادکاری اور کمرشل سرگرمیوں کے آغاز کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ لاہور شہر کے ٹرانسپورٹ نظام کو راوی سٹی کے ماسٹر پلان سے ہم آہنگ کیا جائے گا، جبکہ مستقبل میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے لیے بروقت پلاننگ اور رئیل ٹائم ڈیٹا پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ جدید شہر میں گرین انفراسٹرکچر پلاننگ کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے تاکہ موسمیاتی اثرات کو کم کرنے میں مدد مل سکے۔