پشاور: پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے متعلق حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے عوام کے مینڈیٹ کو بلڈوز کیا ہے۔
اپنے ردعمل میں شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ عوامی راج ختم کرکے کوئی دوسرا راج کامیاب نہیں ہوسکتا، کیونکہ عوام کے بھاری مینڈیٹ سے قائم ہونے والی حکومت کا متبادل کوئی اور نظام نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کے فیصلے کا احترام کیا جانا چاہیے۔پی ٹی آئی رہنما نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کمٹمنٹ کرکے دھوکا دیا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ سیاسی کشیدگی کو مذاکرات کے ذریعے ختم کیا جاسکتا تھا، لیکن حکومت نے اس معاملے میں جلد بازی کا مظاہرہ کیا۔شوکت یوسفزئی نے واضح کیا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور پارٹی اپنے آئینی و قانونی حقوق کے حصول کے لیے پُرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، صوبائی صدر جنید اکبر اور دیگر گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں سیاسی مسائل کا حل طاقت کے بجائے مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق بات چیت کے ذریعے معاملات طے کیے جاسکتے تھے، تاہم حکومتی فیصلے نے سیاسی کشیدگی میں اضافے کے خدشات پیدا کردیے ہیں۔