پنجاب کے دریاؤں میں خالص سونے کے وافر ذخائر کے شواہد مل گئے، مریم نواز

پنجاب کے دریاؤں میں خالص سونے کے وافر ذخائر کے شواہد مل گئے، مریم نواز

اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے کے دریاؤں میں قدرتی طور پر بہنے والے خالص سونے کے وافر ذخائر کے شواہد ملے ہیں، جن کی مقدار معلوم کرنے کے لیے سروے جاری ہے۔

2 روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے پہلے روز منعقدہ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اس فورم کا انعقاد پاکستان کے معدنی شعبے کی ترقی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ ملک قدرتی وسائل اور معدنی ذخائر سے مالامال ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بے پناہ قدرتی وسائل اور غیر معمولی صلاحیت موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ پنجاب پانچ دریاؤں کی سرزمین ہے اور اس کے قدرتی وسائل صوبے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب کے دریاؤں میں قدرتی طور پر بہنے والا خالص سونا موجود ہے اور اس حوالے سے مختلف سروے کیے جا رہے ہیں تاکہ دریاؤں میں سونے کی مقدار کا تعین کیا جا سکے۔ ابتدائی شواہد کے مطابق دریاؤں میں سونے کے وافر ذخائر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دریاؤں کی ریت اور بجری میں سونے کے علاوہ دیگر قیمتی معدنیات اور دھاتیں بھی پائی جاتی ہیں۔ صوبے میں کوئلے، گرینائٹ، پنک سالٹ اور راک سالٹ کے بھی وسیع ذخائر موجود ہیں، جن سے استفادہ کرکے معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت صوبے کے قدرتی وسائل کو مشترکہ دولت اور خوش حالی میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور دستیاب وسائل کو معاشی ترقی کے لیے استعمال کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب کے معدنی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لیے تجارتی شراکت داریوں کے امکانات تلاش کیے جا رہے ہیں، جبکہ صوبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سرمایہ کاروں کو سستے نرخوں پر زمین بھی فراہم کی جا رہی ہے۔