امریکا کی ری پبلکن ریاست میں سیاسی اپ سیٹ، 140 سال بعد پہلی بار سیاہ فام سینیٹر منتخب

امریکا کی ری پبلکن ریاست میں سیاسی اپ سیٹ، 140 سال بعد پہلی بار سیاہ فام سینیٹر منتخب

واشنگٹن: امریکی ریاست مسیسیپی میں ڈیموکریٹ امیدوار اسکاٹ کولم نے ری پبلکنز کا طویل انتخابی تسلط ختم کرتے ہوئے امریکی سینیٹ کی نشست جیت لی۔

 وہ ریاست کی تاریخ میں تعمیرِ نو کے دور (Reconstruction) کے بعد منتخب ہونے والے پہلے سیاہ فام سینیٹر بن گئے ہیں۔ ان کی کامیابی کو امریکی سیاست میں ایک اہم تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق اسکاٹ کولم نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد ری پبلکن امیدوار اور موجودہ سینیٹر سنڈی ہائیڈ اسمتھ کو شکست دی۔ انتخابی نتائج کے مطابق اسکاٹ کولم نے 49.2 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کی حریف سنڈی ہائیڈ اسمتھ 48.7 فیصد ووٹ لے سکیں۔ آزاد امیدوار ٹائی پنکنز نے 2.1 فیصد ووٹ حاصل کیے۔کولم نے اپنی حریف کو تقریباً 4 ہزار 669 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ ایسوسی ایٹڈ پریس نے 11 نومبر کو ووٹوں کی گنتی میں برتری برقرار رہنے کے بعد اسکاٹ کولم کی کامیابی کا اعلان کیا۔ یہ کامیابی اس لیے بھی غیر معمولی ہے کہ مسیسیپی میں گزشتہ تقریباً چار دہائیوں سے ری پبلکن امیدوار سینیٹ کی نشستیں جیتتے آ رہے تھے۔ اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی 2024 کے صدارتی انتخابات میں ریاست مسیسیپی میں تقریباً 23 فیصد ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔شکست تسلیم کرتے ہوئے سنڈی ہائیڈ اسمتھ نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں اسکاٹ کولم کو کامیابی پر مبارک باد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ وہ نتیجہ نہیں جس کی انہیں امید تھی، تاہم وہ ریاست کے عوام کے فیصلے کا احترام کرتی ہیں۔

ریاست کے دارالحکومت جیکسن میں نیشنل ایسوسی ایشن فار دی ایڈوانسمنٹ آف کلرڈ پیپل (این اے اے سی پی) کے دفتر میں اسکاٹ کولم کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی کارکنوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ تنظیم کے چیئرمین لیون رسل نے اس کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فتح میں بالخصوص سیاہ فام برادری کی منظم انتخابی مہم نے اہم کردار ادا کیا۔مقامی ڈسٹرکٹ اٹارنی اسکاٹ کولم نے اپنی انتخابی مہم میں مہنگائی، معاشی مشکلات اور عوام کو درپیش مالی مسائل کو مرکزی موضوع بنایا تھا۔ انہوں نے اپنی حریف کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں کی حمایت کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور طنزیہ طور پر انہیں ’’سنڈی ہائی پرائسز‘‘ کا نام دیا۔انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ انتظامیہ کی ٹیرف پالیسیوں اور ایران جنگ کے معاشی اثرات سے متعلق عوامی خدشات بھی زیر بحث رہے۔ انتخابی نتائج کو ری پبلکن جماعت کے لیے ایک بڑا سیاسی دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

مبصرین کے مطابق اسکاٹ کولم کی کامیابی امریکی سیاست میں ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے اہم پیش رفت ہے، خصوصاً اس لیے کہ انہوں نے ایک ایسی ریاست میں کامیابی حاصل کی جہاں ری پبلکن جماعت کا طویل عرصے سے سیاسی اثر و رسوخ برقرار تھا۔