ابرار احمد آئی سی سی ون ڈے بولرز رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آگئے

لاہور(سپورٹس ڈیسک )آئی سی سی نے ون ڈے کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی جس میں پاکستان کے اسپنر ابرار احمد نے دو درجے ترقی کرتے ہوئے بولرز کی فہرست میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر کو پیچھے چھوڑ دیا۔ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں بابر اعظم 661 پوائنٹس کے ساتھ نویں اور سلمان علی آغا 622 پوائنٹس کے ساتھ 13ویں نمبر پر برقرار ہیں۔ فخر زمان ایک درجہ ترقی کے بعد گلین فلپس کے ساتھ مشترکہ طور پر 36ویں، محمد رضوان 532 پوائنٹس کے ساتھ 43ویں اور صائم ایوب چار درجے بہتری کے بعد 468 پوائنٹس کے ساتھ 64ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ شاداب خان بھی ایک درجہ ترقی کرکے 92ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔بھارت کے کپتان شبمن گل بیٹرز کی رینکنگ میں پہلے، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسرے اور ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں۔