دبئی (سپورٹس ڈیسک ) پاکستانی سپنر ابرار احمد آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی بولنگ رینکنگ میں ہندوستان کے ورون چکرا ورتھی کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر پہنچ کر ایک بار پھر سرخیوں میں آگئے۔ ابرار 736 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے سے ایک مقام اوپر آگئے ہیں اور ٹاپ رینک والے افغانستان کے اسپنر راشد خان کے قریب پہنچ گئے ہیں جو 753 پوائنٹس کے ساتھ اسٹینڈنگ میں سرفہرست ہیں۔پاکستان کے محمد نواز 12 ویں نمبر پر برقرار ہیں جبکہ فاسٹ بولر سلمان مرزا 20 ویں نمبر پر ہیں۔ بائیں ہاتھ کے تیز رفتار باولر شاہین آفریدی بھی 602 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 30 ویں نمبر پر ہیں۔ سپنر عثمان طارق نے بھی 60ویں پوزیشن برقرار رکھی ہے جبکہ سفیان مقیم، صائم ایوب اور شاداب خان کی تینوں بالترتیب 68ویں، 71ویں اور 73ویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔فاسٹ بالر حارث رئوف 448 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 89 ویں نمبر پر ہیں جبکہ عباس آفریدی 415 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ ترقی کر کے 100 ویں نمبر پر ہیں۔ ٹی ٹونٹی بلے بازوں کی رینکنگ میں پاکستان کے اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان نے 848 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ اپنا تیسرا مقام برقرار رکھا جبکہ ہندوستان کے ایشان کشن نے فارم سے باہر ہونے والے بلے باز ابھیشیک شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نمبر ون پوزیشن دوبارہ حاصل کرلی۔ فرحان کے علاوہ کوئی اور پاکستانی بلے باز رینکنگ میں 40 ویں نمبر پر موجود نہیں ہے جہاں صائم ایوب نے اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے جس کے بعد بابر اعظم 42 ویں جبکہ پاکستان کے T20I کپتان سلمان علی آغا 44 ویں نمبر پر ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان بھی 481 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ ترقی کر کے 72 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ ٹی ٹونٹی آل رائو نڈرز کی رینکنگ میں پاکستان کے صائم ایوب تیسرے نمبر پر برقرار ہیں جب کہ زمبابوے کے کپتان سکندر رضا پہلے اور بھارت کے ہاردک پانڈیا دوسرے نمبر پر ہیں۔ محمد نواز ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 10 ویں جبکہ شاداب خان اپنی 23 ویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔ فہیم اشرف ایک درجہ ترقی کر کے 53 ویں نمبر پر آگئے ہیں جس کے بعد سلمان علی آغا بھی ایک درجہ ترقی کر کے 55 ویں نمبر پر ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی 62 ویں نمبر پر برقرار ہیں۔