مقتولہ خاتون نیوز اینکر ربیعہ کے شوہر کا پولی گرافک ٹیسٹ مکمل

پولی گرافک ٹیسٹ دو گھنٹے سے زائد جاری رہا،ملزم سے وقوعے سے متعلق مختلف سوالات کیے گئے
 ملزم کے جوابات کے دوران دل کی دھڑکن، بلڈ پریشر اور دیگر جسمانی تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا گیا:پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر) مقتولہ خاتون نیوز اینکر ربیعہ احسن کے شوہر احسن کا پولی گرافک ٹیسٹ مکمل کر لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری میں ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ کیا گیا، ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ دو گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ٹیسٹ کے دوران ملزم سے وقوعے سے متعلق مختلف سوالات کیے گئے۔ پستول الماری میں موجود ہونے اور گولی چلنے کے واقعے سے متعلق بھی سوالات کیے گئے۔ملزم کے جوابات کے دوران دل کی دھڑکن، بلڈ پریشر اور دیگر جسمانی تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا گیا۔پولی گرافک ٹیسٹ کے نتائج کی رپورٹ چند روز میں مرتب کیے جانے کا امکان ہے۔ پولی گرافک ٹیسٹ رپورٹ سے ملزم کے بیانات کی صداقت جانچنے میں مدد ملے گی۔رپورٹ آنے کے بعد قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔