ہسپتال میں آنکھوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، آنکھ میں اینٹی وی ای جی ایف انجکشن لگایاگیا‘بلڈ پریشر چیک‘کولیسٹرول اور دیگر ضروری طبی ٹیسٹ کئے گئے
اسلام آباد(آئی این پی ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے رات گئے سخت سکیورٹی میں طبی معائنے کیلئے پمزاسپتال اسلام آباد منتقل کیاگیا۔پمز اسپتال انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق عمران خان کو سنٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی سے 10 اور 11 نومبر 2026 کی درمیانی رات کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسلام آباد لایا گیااسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آنکھ کے علاج سے پہلے عمران خان کا تفصیل چیک اپ ہوا جس دوران ان کے واٹلز یعنی بلڈ پریشر اور شوگر وغیرہ کو نارمل پایا گیا۔ وہ صحت مند تھے اور ان کا جنرل میڈیکل چیک اپ نارمل تھا۔انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کی اجازت لینے، تمام ضروری احتیاطی تدابیر اپنانے، اور مناسب جائزہ لینے سمیت تمام پروٹوکول فالو کرنے کے بعد ان کی آنکھ میں ٹیکا (انٹرا وٹریل اینٹی وی ای جی ایف انجکشن) لگایا گیا۔، انجکشن لگانے کا عمل شعبہ امراض چشم کی ٹیم نے مکمل کیا۔ جبکہ بانی پی ٹی آئی کی عمومی جسمانی حالت بھی تسلی بخش اور مستحکم قرار دی گئی ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق اسپتال میں عمران خان کی آنکھوں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، ان کا بلڈ پریشر چیک کیا گیا اور کولیسٹرول اور دیگر ضروری طبی ٹیسٹ بھی کیے گئے۔طبی معائنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کو سخت سکیورٹی میں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔