چیف سیکرٹری سندھ کا ایڈیشنل چیف سیکریٹریز، سیکریٹریز، ممبرز بورڈ آف ریونیو کو خط
کراچی(آئی این پی ) وفاق کے بعد سندھ میں بھی غیر ضروری اسامیاں ختم کرنے کا حکم دے دیا گیا۔تفصیل کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ نے ایڈیشنل چیف سیکریٹریز، سیکریٹریز، ممبرز بورڈ آف ریونیو، رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ اور کمشنرز کو خط لکھ دیا۔چیف سیکرٹری نے اپنے خط میں کہا کہ سندھ کابینہ نے 14 ستمبر 2024 کو فیصلہ کیا تھا کہ غیرضروری پوسٹیں ختم کی جائیں گی، غیر ضروری پوسٹوں کا قومی خزانہ پر بوجھ ہے، تمام محکمے غیر ضروری پوسٹیں ختم کر دیں۔خط میں کہا گیا کہ جو پوسٹیں کافی عرصے سے خالی پڑی ہیں انہیں فوری طور پر ختم کیا جائے، مختلف اسباب کے باعث یہ اسامیاں طویل عرصہ سے اپنی اصل اہمیت کھوچکی ہیں، ان غیر ضروری اسامیوں کے باعث سرکاری خزانہ کو بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے۔