درجہ بندی کر کے مقدمات سماعت کیلئے مقرر کئے جائیں:سربراہ آئینی بینچ

سربراہ آئینی بنچ دو سینئر ججوںسے ملکرمقدمات مقرر کریں گے، تین رکنی ججز کمیٹی  بینچ تشکیل دے گی: جسٹس امین الدین  کی زیر صدارت اجلاس کا اعلامیہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ میں سربراہ آئینی بینچ نے مقدمات کی درجہ بندی کی ہدایت کر دی۔سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق آئینی بینچ کی تشکیل اور ورکنگ کے معاملہ پر سپریم کورٹ میں جسٹس امین الدین خان کے چیمبر میں اجلاس ہوا، اجلاس میں آئینی بینچ کی ورکنگ اور طریقہ کار پر غور کیا گیا۔اجلاس میں جسٹس امین الدین خان کو سٹاف کی جانب سے آئینی مقدمات بارے بریفننگ دی گئی جبکہ 184(1) ،184(3) ، 186 اور انسانی حقوق کے مقدمات پر بحث ہوئی۔اعلامیہ میں بتایا گیا کہ سربراہ آئینی بینچ نے مقدمات کی درجہ بندی کی ہدایت کر دی اور مقدمات کو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا، سربراہ آئینی بنچ دو سینئر ججز سے ملکرمقدمات مقرر کریں گے، تین رکنی ججز کمیٹی کم از کم پانچ ججز پر مشتمل بینچ تشکیل دے گی۔