کراچی :انکل سریا اسپتال کے نزدیک واقع لاکھانی مارکیٹ کی بیسمنٹ میں لگنے والی آگ پر ریسکیو ٹیموں نے قابو پا لیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ بجھانے کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے کسی بھی امکان کو ختم کیا جا سکے۔ ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ آپریشن میں 10 سے زائد فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا، تاہم شدید دھوئیں اور اندھیرے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔حکام کے مطابق آگ عمارت کے میزانیِن (mezzanine) فلور پر لگی تھی، جس نے بعد میں بیسمنٹ اور فرسٹ فلور کو بھی متاثر کیا۔ متاثرہ حصوں میں فرنیچر کی دکانیں اور چھوٹے کارخانے قائم تھے جہاں موجود سامان بڑی مقدار میں جل گیا۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق عمارت کی بالائی منزلوں پر رہائشی فلیٹس بھی موجود ہیں، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔انتظامیہ کے مطابق نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور کولنگ مکمل ہونے کے بعد عمارت کی مکمل جانچ کی جائے گی۔