لاہور(کرائم رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں بارش اور رم جھم کا سلسلہ جاری ہے تاہم اہم شاہراہوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔ چیف ٹریفک ا?فیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے سپروائزری افسران کو فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے شہریوں خصوصاً موٹرسائیکل سواروں کو محتاط ڈرائیونگ کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران غیر ضروری تیز رفتاری اور جلد بازی سے گریز کیا جائے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق مختلف انڈرپاسز پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ ٹریفک وارڈنز شہریوں کی رہنمائی اور مدد میں مصروف ہیں۔ انہوں نے شہریوں اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے الیکٹرک تنصیبات اور کھمبوں سے مناسب فاصلہ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔