لاہور(کرائم رپورٹر)اپریل کے اختتامی عشرے کے دوران گرمی نے پوری طرح انگڑائی لے لی، آج سے یکم مئی تک درجہ حرارت معمول سے 5سے 7ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا خدشہ ہے ، جنوبی پنجاب کے اضلاع میں بھی گرمی کی شدت زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے بدستور گرمی کی لپیٹ میں ہیں، پی ڈی ایم اے پنجاب کی طرف سے جاری کیے گئے الرٹ میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ آنے والے دنوں کے دوران پنجاب کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہ سکتا ہے۔ گزشتہ دس سالوں میں 2017 ایسا سال تھا جس میں اپریل کے دوران ریکارڈ گرمی پڑی تھی جب درجہ حرارت 43.3ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا تھا۔ اگرماہ رواں کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ سکتا ہے۔ الرٹ میں بتایاگیا ہے کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں گرمی کی شدت زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ صورت حال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے تمام اضلاع کے انتظامی حکام کو الرٹ رہنے اور عوامی مقامات پر صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے روزنامہ دنیا سے گفتگو میں کہا چولستان میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے کیوں کہ اِس موسم کے دوران وہاں رہائشیوں کے ساتھ ساتھ مویشیوں کے لیے پانی کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہوتی ہے۔صورت حال کے پیش نظر شہریوں سے بھی محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔