پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے ممتاز علی خان چانگ کی تقرری کو خوش آئند قرار دیا
لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے ایم پی اے ممتاز علی خان چانگ کو پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کا نائب صدر مقرر کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔اس موقع پر مخدوم زادہ سید مرتضیٰ محمود اور عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے ممتاز علی خان چانگ کی بطور نائب صدر تقرری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں جنوبی پنجاب میں پارٹی مزید مضبوط اور متحرک ہوگی۔مخدوم سید احمد محمود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ممتاز علی خان چانگ ایک مخلص، متحرک اور نظریاتی کارکن ہیں، جنہوں نے ہمیشہ پارٹی کی مضبوطی اور عوامی خدمت کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ممتاز علی خان چانگ کی بطور نائب صدر تقرری سے جنوبی پنجاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کی تنظیم مزید فعال اور مستحکم ہوگی، جبکہ پارٹی پیغام کو عوام تک مؤثر انداز میں پہنچانے میں بھی مدد ملے گی۔