برطانیہ کا ورک ویزا درخواست دہندگان کیلئے انگریزی زبان کی شرائط سخت کرنے کا اعلان

برطانیہ کا ورک ویزا درخواست دہندگان کیلئے انگریزی زبان کی شرائط سخت کرنے کا اعلان

لندن: برطانوی حکومت نے ورک ویزا سے متعلق قوانین میں انگریزی زبان کی شرائط کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاکہ برطانیہ آنے والے افراد کی زبان دانی کی قابلیت یقینی بنائی جا سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اقدام اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ غیر ملکی افراد سماجی اور معاشی نظام میں بہتر انداز میں ضم ہو سکیں اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔نئی پالیسی کے تحت صرف ورک ویزا ہولڈرز ہی نہیں بلکہ ان کے بالغ زیرِ کفالت افراد پر بھی یہ زبان کی شرط لاگو ہوگی۔ اس کا مطلب ہے کہ برطانیہ آنے کے خواہشمند ایسے افراد کو بھی انگریزی زبان میں مہارت ثابت کرنا ہوگی، جو محض کفالت کی بنیاد پر ویزا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔برطانوی وزیراعظم نے اس موقع پر واضح کیا کہ حکومت ملک میں نیٹ مائیگریشن (آنے اور جانے والے افراد کی مجموعی تعداد کا فرق) کو "نمایاں طور پر" کم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اگرچہ فی الوقت کوئی مخصوص عددی ہدف مقرر نہیں کیا گیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ماضی میں مائیگریشن پر عددی حد بندی مؤثر ثابت نہیں ہوئیں، جبکہ اپوزیشن جماعتیں بھی اس حوالے سے کوئی واضح ہدف پیش کرنے میں ناکام رہی ہیں۔برطانوی کنزرویٹو پارٹی نے تجویز دی ہے کہ مستقبل میں ہر سال پارلیمنٹ میں ووٹنگ کے ذریعے امیگریشن کی سالانہ حد مقرر کی جائے، تاکہ شفافیت اور جمہوری اصولوں کو فروغ دیا جا سکے۔