لالی وڈ اور ٹی وی کے اداکار سید عاصم بخاری انتقال کر گئے

لالی وڈ اور ٹی وی کے اداکار سید عاصم بخاری انتقال کر گئے

سید عاصم بخاری، لالی وڈ اور ٹی وی کے سینئر اداکار، انتقال کر گئے۔

اہلِ خانہ کے مطابق مرحوم گزشتہ رات طبیعت زیادہ خراب ہونے کے بعد کومہ میں چلے گئے تھے اور آج خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ایک عرصے سے گردوں اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے جبکہ گزشتہ پندرہ روز سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔سید عاصم بخاری نے اپنے طویل فنی کیریئر کے دوران متعدد ٹی وی ڈراموں، اسٹیج ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور اپنی شاندار پرفارمنس سے ناظرین کے دل جیتے۔ شوبز حلقوں میں انہیں اداکاری کا استاد بھی کہا جاتا تھا اور انہوں نے کئی نئے فنکاروں کی رہنمائی بھی کی۔ادھر مرحوم کے صاحبزادے اجلال بخاری اس وقت لندن کے ایک ہسپتال میں پتے میں پتھری کے باعث زیر علاج ہیں۔

مرحوم سید عاصم بخاری کی نماز جنازہ آج بعد نمازِ عصربحریہ آرچرڈ میں ان کی رہائشگاہ کے قریب واقع مسجد الرشید میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں قریبی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا جائے گا۔فنکار برادری اور مداحوں کی جانب سے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ان کی فنی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔