پنجاب :25 لاکھ افراد میں رمضان پیکیج تقسیم ہو چکا :عظمیٰ

پختونخوا حکومت پیکیج منظوری کی منتظر ،الزامات سے نااہلی نہیں چھپ سکتی 
لاہور ( کرائم  رپورٹر)وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں 25لاکھ مستحقین تک رمضان پیکیج پہنچا دیاجبکہ خیبر پختونخوا حکومت ابھی تک منظوری کی منتظر ہے، ماڈل ریڑھی منصوبہ میرٹ پر پورا اترنے والی کمپنی کو ٹھیکہ دیا گیا ،گنڈاپور حکومت نے سرجیکل گلوز کی خریداری میں 5کروڑ کی کرپشن کی ، کارکردگی کی بجائے الزامات کا کھیل کھیلنے سے گنڈاپور کی نااہلی نہیں چھپ سکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں  نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئیکیا۔ انہوں نے کہا مریم نواز کے منصوبے شفافیت اور میرٹ کی اعلیٰ مثال ہیں۔ گنڈاپور اور انکی کابینہ خود کرپشن کے الزامات کی زد میں ہیں۔ ان پر نہ صرف انکی اپنی جماعت عدم اعتماد کر رہی ہے بلکہ پختونخوا میں ہر ترقیاتی منصوبہ کمیشن اور کرپشن کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔ 190ملین پاؤنڈ کا ملکی تاریخ کا سب سے بڑا کرپشن سکینڈل آپکے لیڈر کے کریڈٹ پر ہے۔ صوبے کی یونیورسٹیاں فنڈز کی کمی پربند ہو رہی ہیں۔ تحریک انصاف 12سال سے وفاقی فنڈز کو ذاتی ملکیت سمجھ کر بانٹ رہی ہے اسکے باوجود انکے پاس کارکردگی دکھانے کیلئے کچھ نہیں۔ عوام کو دھوکہ دینے کی بجائے گنڈاپور حکومت اپنی نااہلی اور کرپشن کا جواب دے ،مخالفین کی سیاست صرف الزامات اور کردار کشی تک محدود ہو چکی ہے۔