رمضان پیکیج کی تقسیم جاری، 23لاکھ کارڈ تقسیم کر دئیے گئے:عظمیٰ بخاری

 پنجاب کے چپے چپے میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، مریم نواز کے ناقدین بھی ان کی کارکردگی کے معترف ہیں
 مریم نواز پورے پنجاب کو گھر کی طرح خوبصورت بنا کر لوگو ں کے دل میں جگہ بنا رہی ہیں:وزیر اطلاعات  کا بیان
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے ک پنجاب حکومت کے رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے اور تمام مستحق افراد کو امدادی رقم بغیر کسی لائن اور تکلیف کے انکی دہلیز تک پہنچائی جارہی ہے،ابتک نگہبان رمضان دستر خوان پر افطاری کرنے والے لوگوں کی کل تعداد 15لاکھ 78ہزار 578افراد ہے، پنجاب کے اضلاع میں لوگوں نے مجموعی طور پر 26لاکھ 8ہزار 192نگہبان کارڈز وصول کیے ہیں۔23لاکھ 2ہزار 540نگہبان کارڈز لوگوں کی دہلیز تک پہنچائے جا چکے ہیں جس میں 19لاکھ 68ہزار 829نگہبان کارڈز کیش کروائے جا چکے ہیں۔وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ’’مریم کو بتائیں‘‘ایپ سے 13ہزار 892شہریوں کو فی کس 10ہزار کی امداد مل چکی ہے، پنجاب کے چپے چپے میں بلاتفریق ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، مریم نواز کے ناقدین بھی ان کی کارکردگی کے معترف ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز پورے پنجاب کو گھر کی طرح خوبصورت بنا رہی ہیں، اب ترقی کا سفر لاہور تک محدود نہیں رہا، ترقیاتی کاموں کا جو سٹینڈر لاہور میں ہے وہی اٹک اور رحیم یار خان میں ہے، مریم نواز اپنے طرز حکومت سے لوگوں کی دلوں میں جگہ بنا رہی ہیں۔