بیشتر سٹیشنز پر برقی زینے ۔ کولرز اور پنکھے بھی خراب ۔ بزرگ شہریوں ، خواتین کا مشکلات کا سامنا
لاہور ( کرائم رپورٹر ) شاہدرہ سے گجومتہ تک چلنے والی میٹرو بس سروس کے سٹیشنز حکومتی توجہ کے منتظر ہیں۔ مسافروں کو درپیش مشکلات دن بدن بڑھتی جا رہی ہیں، مگر مسائل کے حل کے لئے اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔بیشتر سٹیشنز پرمسافروں کے لئے لگائے گئے برقی زینے خراب ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے بزرگ شہریوں اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔گرمیوں کے موسم سے قبل سٹیشنز پر لگے کولرز اور پنکھے بھی خراب ہونے لگے۔نجی کنٹریکٹر کمپنی کے حالیہ سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ میٹرو بس ٹریک پر 88 سٹیشن لائٹس اور 44 کوریڈور پول جنکشن خراب ہیں، ٹریک پر نصب 39 سٹیشن فین، 9 ایل ٹی ڈسٹری بیوشن پینل، ایک ٹرانسفارمر اور 28 ارتھنگ کنکشن بھی غیر فعال ہو چکے ہیں۔ 270 سٹیشن لائٹس بند جبکہ 67 جنکشن لائٹس اور 31 سٹیشن فین غیر فعال ہیں۔لاہور کی میٹرو بس سروس روزانہ لاکھوں شہریوں کے سفر کا ذریعہ ہے، مگر سہولیات کی عدم دستیابی اور حکومتی غفلت نے اس منصوبے کو مسائل کا شکار بنا دیا ۔