تیز رفتاری پر 12ہزار چالان

 موٹر سائیکلوں کیلئے حد رفتار 60 کلو میٹر مقرر کی گئی ،سپیڈ گن کا استعمال کررہے:ایڈیشنل آئی جی مرزا فاران بیگ 
لاہور (کرائم رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب کے محفوظ پنجاب کے لیے ٹریفک پولیس پنجاب متحرک ہے،ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے اوور سپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف مزید سخت کارروائیوں کے احکامات جاری کر دیئے۔ ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں اوور سپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں، رواں ماہ حد رفتار سے تجاوز پر 12ہزار سے زائد شہریوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔ موٹر سائیکلوں، گاڑیوں اور کمرشل گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ صوبے بھر میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے حد رفتار 60مقرر کی گئی ہے،حد رفتار کا تعین کرنے کے لیے سپیڈ گن مشین کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے اوور سپیڈنگ کرنے والوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ نے کہا کہ اوور سپیڈنگ کرنے والے اپنے ساتھ دوسروں کی زندگی کو بھی خطرے میں ڈالتے ہیں، حادثات کی روک تھام کے لیے سپیڈ چیکنگ کیمروں کا استعمال ضروری ہے۔