برائلر مرغی کی قیمت میں مزید اضافہ، عوام کی پریشانی بڑھ گئی

برائلر مرغی کی قیمت میں مزید اضافہ، عوام کی پریشانی بڑھ گئی

ویب ڈیسک: لاہور سمیت مختلف شہروں میں چکن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کو پریشان کر دیا ہے۔

 برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں ایک بار پھر سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔لاہور میں مرغی کا گوشت سرکاری قیمت سے 100 روپے زیادہ، یعنی 750 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ اسی طرح، فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی 50 روپے کا اضافہ ہوا ہے، اور یہ اب 290 روپے فی درجن میں فروخت ہو رہے ہیں۔ گزشتہ تین روز سے برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

شہر میں گراں فروشوں کی جانب سے قیمتوں کا تعین اپنے من مانے طریقے سے کیا جا رہا ہے، اور انتظامیہ کی طرف سے کوئی کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے شہری ان کی مرضی کے مطابق قیمتیں ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مہنگائی کے سبب پریشان عوام کو کچھ سکون مل سکے۔