پنجاب: بارش کے باعث حادثات، 5 افراد جاں بحق اور 23 زخمی

پنجاب: بارش کے باعث حادثات، 5 افراد جاں بحق اور 23 زخمی

پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

ترجمان ریسکیو پنجاب Rescue 1122 Punjab فاروق احمد کے مطابق نارووال میں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ گوجرانوالہ کے نندی پور سیالکوٹ روڈ پر درخت گرنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔لاہور کے علاقے کوٹ خواجہ سعید میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ ہربنس پورہ کینال روڈ پر درخت گرنے سے موٹر سائیکل سوار بھی دم توڑ گیا۔ اسی طرح گرین ٹاؤن میں درخت گرنے کے واقعے میں بھی ایک شخص جاں بحق ہوا۔مزید واقعات میں لاہور کے شادیوال چوک میں 11 کے وی بجلی کی لائن گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے، جبکہ عابد مارکیٹ میں سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔نارووال میں دیوار اور سولر پینل گرنے کے الگ الگ واقعات میں 3 افراد زخمی ہوئے جبکہ کامونکی میں دیوار گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا۔ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور شہریوں کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔