عوامی نیشنل پارٹی کا بجٹ سے 109 ارب کی کٹوتی فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار

 فارم 45 ہو یا فارم 47، اقتدار اور پختونخوا کی بربادی کیلئے سب ایک ہیں، ، ایمل ولی خان
پشاور(    آن لائن )عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے خیبر پختونخوا کے بجٹ سے 109 ارب روپے کی کٹوتی کے فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اقتصادی کونسل اجلاس میں خیبر پختونخوا کے بجٹ سے 109 ارب روپے کی کٹوتی کا فیصلہ شرمناک ہے۔ فارم 45 ہو یا فارم 47، اقتدار اور پختونخوا کی بربادی کیلئے سب ایک ہیں۔ ہم روز اول سے یہ کہتے آرہے ہیں کہ پختونخوا کے وسائل، حقوق سلب کرنے میں اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے تمام کردار ہمیشہ ایک ہی صف میں کھڑے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے ذریعے صوبوں کو حاصل مالی خودمختاری اور آئینی حقوق کو بتدریج کمزور کیا جا رہا ہے، جبکہ دہشت گردی، بدامنی اور معاشی بحران کا سامنا کرنے والے خیبر پختونخوا کے وسائل وفاق کے حوالے کئے جا رہے ہیں۔ 109 ارب روپے کی خطیر رقم صوبے کے عوام کی امانت تھی، جسے ایسے وقت میں منتقل کیا گیا ہے جب صوبہ بنیادی سہولیات، امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے شدید مالی مشکلات کا شکار ہے۔ سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ بتایا جارہا ہے کہ یہ رقم دفاعی اخراجات پر خرچ ہوگی۔ یہ تو سب جانتے ہیں کہ اس فیصلے کا اصل اختیار کس کے پاس ہے؟جو لوگ خود کو وفاقی حکومت کے سب سے بڑے مخالف اور صوبے کے حقوق کے علمبردار قرار دیتے ہیں، آج انہی کے وزیراعلی نے پختونخوا کے وسائل وفاق کی جولی میں ڈال دیئے ہیں۔ عوام یہ جاننے کا حق رکھتے ہیں کہ ان کے وسائل، حقوق اور قربانیوں کا سودا کس اختیار اور کس مصلحت کے تحت کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب بخوبی سمجھ چکے ہیں کہ فیصلے کہاں ہوتے ہیں اور ان فیصلوں پر عملدرآمد کرنے والے کردار کس کے نمائندے ہیں۔ افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ صوبے کا مقدمہ لڑنے کے بجائے اسے مسلسل کمزور کیا جا رہا ہے اور پختونخوا کے عوام کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ قوم پرست اور حقیقی عوامی نمائندہ آوازوں کو سیاست اور پارلیمان سے دور رکھنے کیلئے برسوں سے منظم پروپیگنڈہ کیا گیا تاکہ ایسے عناصر مسلط رہیں جو پختونخوا کے حقوق پر خاموش سمجھوتے کرتے رہیں۔ اگر صوبے میں حقیقی عوامی نمائندگی موجود ہوتی تو پختونخوا کے وسائل اور اختیارات کو اس طرح قربان نہ کیا جاتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی پختونخوا کے وسائل، آئینی حقوق اور مالی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کرے گی اور قوم کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔