بانی پی ٹی آئی ایک قانونی عمل کے تحت جیل میں ہیں، اس لئے ایوان کے تقدس کو پامال کرنے اور پرتشدد احتجاج کا کوئی جواز نہیں بنتا، معاملات کو قانون کے مطابق چلنے دیا جائے
پاکستان میں جموں کے 25 لاکھ مہاجرین مقیم ہیں جنہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، کشمیری مہاجرین نے اپنے خون کی قیمت ادا کی ہے:قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال
اسلام آباد(آئی این پی )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی ایک قانونی عمل کے تحت جیل میں ہیں، ایوان کے تقدس کو پامال کرنے اور پرتشدد احتجاج کا کوئی جواز نہیں بنتا،لیڈر کی رہائی کے لیے احتجاج ضرور کریں لیکن ادارے کو بے توقیر نہ کیا جائے،پاکستان میں جموں کے 25 لاکھ مہاجرین مقیم ہیں جنہیں کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، کشمیری مہاجرین نے اپنے خون کی قیمت ادا کی ہے، اللہ کرے پورا کشمیر آزاد ہو، ہم ہر موڑ پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے تحریکِ انصاف کے احتجاجی رویے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ۔انہوں نے پی ٹی آئی اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ایک قانونی عمل کے تحت جیل میں ہیں، اس لیے ایوان کے تقدس کو پامال کرنے اور پرتشدد احتجاج کا کوئی جواز نہیں بنتا، معاملات کو قانون کے مطابق چلنے دیا جائے۔وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اب تک کسی قانون سازی میں حصہ نہیں لیا، حالانکہ قانون سازی کے عمل میں رخنہ نہیں ڈالا جانا چاہیے۔ ہم نے بھی ماضی میں حزبِ اختلاف میں رہ کر عوامی مسائل کو اجاگر کیا لیکن کبھی بھی جمہوری نظام کو خطرے میں نہیں ڈالا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ خود پی ٹی آئی کے اپنے کچھ اراکین چاہتے ہیں کہ ایوان اچھے طریقے سے چلے، اس لیے ہم سب نے مل کر ایوان کو مضبوط بنانا اور اس کا وقار برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری، نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور باقیوں نے سزائیں کاٹیں۔ ہم نے سسٹم اور ایوان کے تقدس کو دا پر نہیں لگایا، نواز شریف کے ساتھ جو کچھ ہوا اس میں نہیں جانا چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ سوا 2 سال میں کارروائی کا محور تحریک انصاف کے لیے ان کے لیڈر ہیں، ایوان کی کارروائی میں حصہ نہیں لیتے، اس ادارے کو بھی ایک شخص کے لیے نشانہ بنایا۔ان کا کہنا ہے کہ شخصیات تو آنی جانی چیز ہے، آنے والی نسلیں آگے آئیں گی